گھرسے آ ن لائن بزنس کا آغازکرنے کے لیے کن بنیادی سکلز کی ضرورت ہے۔

گھرسے آ ن لائن بزنس کا آغازکرنے کے لیے کن بنیادی سکلز کی ضرورت ہے۔

یہ تو آپ سب کو علم ہو گا کہ ایک بزنس کو چلانے کے لیے بہت سی چیزوں میں مہارت کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ہم اپنے اردگرد بہت سے ایسے  لوگ دیکھ سکتے ہیں جنہوں نے بغیر کسی بزنس ایجوکیشن کے کاروبار کیا اور کامیاب ہوئے۔ کیونکہ آغاز کے بعد بزنس کے تجربات کیوجہ سے وقت کے ساتھ ساتھ بزنس کے متعلقہ معاملات میں مہارت پیدا ہوتی چلی جاتی ہے۔بزنس ایک مسلسل سیکھنے کا عمل ہے اور وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو تجربے سے سیکھتے چلے جاتے ہیں اور وقت اور حالات کی ضرورت کے مطابق فیصلے کرتے ہیں۔
آن لائن بزنس کا معاملہ کچھ الگ ہے۔ اس میں آغاز میں ہی کچھ چیزوں کا سیکھناناگزیر ہے۔ کچھ کام ایسے ہیں جن سے پہلے دن سے ہی واسطہ پڑے گا خواہ کوئی بھی آن لائن بزنس ہو جبکہ کچھ ایسے ہیں جو بزنس کی نوعیت کے مطابق ہر ایک کے لئے مختلف ہو سکتے ہیں۔یہاں میں کوشش کروں گی کہ وہ تمام چیزیں لکھوں جن کاہر ایک آن لائن بزنس اونرکوآغازمیں علم ہونا اشدضروری ہے۔باقی جو خاص آپکے بزنس کی نوعیت سے متعلقہ ہیں ان کے بارے میں آپ میسج کر کے پوچھ سکتی ہیں۔

Language Skill
پاکستان میں آن لائن بزنس کرنے کے لئے اردو اور انگلش دونوں زبانوں میں آپکو کم از کم ماڈریٹ لیول کی مہارت ہونا ضروری ہے۔ اگر آپکا پہلے آن لائن کام کرنے کا کوئی تجربہ نہیں تو فوراً خیال آئے گا کہ کیوں۔ تو اس کا جواب یہ ہے
۔ امپریشن: بزنس کرتے ہوئے آپ کو ہر وقت طرح طرح کے لوگوں سے واسطہ پڑے گا۔ صرف کسٹمر ہی نہیں آپکو سپلائرز، کورئیر سروسز، بینکرز اور کئی طرح کے لوگوں سے بات چیت کرنا ہو گی۔ اگر آپ کا تلفظ، ادائیگی درست نہیں تو آپکا امپریشن ٹھیک نہیں بنے گا۔ اردو کو رومن میں لکھنے میں بھی بعض لوگ بہت غلطیاں کرتے ہیں جو کہ کافی برا تاثر پیدا کرتی ہیں۔
۔ مارکیٹنگ: اگر بات چیت میں آپ کسی طرح کام چلا بھی لیں تو مارکیٹنگ میں آپ کو پھر دونوں زبانوں سے واسطہ پڑے گا۔ آنے والے دنوں میں جب ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر لکھوں گی تو اس بات کی مزید وضاحت ہو جائے گی۔
۔ بزنس کرتے ہوئے آپکو آن لائن اور اس کے علاوہ بہت سے ڈاکیومینٹس ، پرنٹ میٹریل پڑھنے، بنانے یا سمجھنے کی ضرورت ہو گی جس سے ایک عام دکاندار کا واسطہ نہیں پڑتا۔ مثلاً فیس بک اکثر اپنی ایڈ پالیسی تبدیل کرتا ہے۔تو اس کو سٹڈی کرنا پڑے گا کہ اب ایڈ کس طرح کام کرے گی وغیرہ۔

Sales Skills
کوئی بھی چیز بیچنے کے لئے سیلز پرسن بننا پڑتا ہے۔ آپ جب کبھی بازار شاپنگ کے لئے جائیں تو نوٹس کریں کہ سیلز پرسن کیا کام کرتا ہے۔ سب سے پہلے تو وہ آپکو مطلوبہ چیزیں دکھاتا ہے۔ اس کے بعد ان چیزوں کی خوبیاں بیان کرتا ہے کہ یہ چیز جاپان کی ہے یہ چائنہ کی ہے۔ یہ پائیدار ہے اس کی اتنی گارنٹی ہے وغیرہ۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی ٹون بھی ایسی رکھتا ہے کہ آپ قائل ہو کر شاپنگ کر لیں۔ تو یہ مہارت آپکے پاس جتنی زیادہ ہو گی اتنا اچھا رزلٹ ہو گا۔
آن لا ئن سیل میں سیلز پرسن کی ذمہ داری بہت زیادہ ہے۔ کسٹمر کوئی بھی چیز فیزیکلی نہیں دیکھ رہا ہوتا۔ آپ نے اسے کنوینس بھی کرنا ہے اور دھوکہ بھی نہیں دینا۔ شروع میں اور آج کل بھی کچھ لوگوں نے آن لائن بزنس میں اس چیز کا بہت غلط فائدہ اٹھایا اور دھوکے سے خراب چیزیں بیچیں ۔ اس وجہ سے لوگوں کے ذہن میں آن لائن سیلرز کا امیج بہت خراب ہوا۔ اس لئے شروع میں آپکو لوگوں کا اعتما د حاصل کرنے میں مشکل پیش آئے گی۔ لیکن اگر آپ ایمان داری سے کام کریں تو بہت جلد کسٹمر بننا شروع ہو جائیں گے۔ یاد رکھیں مستقبل آن لائن شاپنگ کا ہی ہے۔

Technical Skill
ان سکلز کے با رے میں الگ سے تفصیل سے بھی لکھوں گی لیکن فیس بک پیج بنانے سے لیکر ایڈ بنانے تک ، ویب سائٹ کا نام رجسٹر کروانے سے لیکر ھوسٹنگ کروانے اور ویب سائٹ بنوانے تک، پارسل ڈیلیوری پلان اور اکاوئنٹنگ کا طریقہء کا ر بنانے تک آن لائن بزنس آپکی تکنیکی مہارت کا اچھا خاصا امتحان ہے۔ اس بات کا مقصد آپکو ڈرانا نہیں بلکہ آن لائن بزنس کے معاملات سے متعارف کروانا ہے۔ صر ف بنیادی معلومات کے ساتھ آغاز کریں اور محنت سے آگے چلتے جائیں تو کچھ مشکل نہیں۔  مثل مشہور ہے

 Where there’s will there’s way

Marketing Skills
اگر آپ گھر سے بزنس شروع کریں تو ظاہر ہے آپ کم سرمائے سے شروع کر رہی ہیں ۔ ایسی صورت میں آپ ہر کام کے لئے پیسے خرچ کرنے کی بجائے زیادہ کام خود کرنے کی کوشش کریں ۔مارکیٹنگ سکل آن لائن بزنس کی شہ رگ ہے۔ نئے کسٹمر کو متوجہ کرنا، سوشل میڈیانیٹ ورک پرلوگ اکٹھے کرناان کی توجہ برقرار رکھنا ، اپنی پراڈکٹ یا سروس کو متعارف کروانا ، پروموشن پلان بنانا یہ سب مارکیٹنگ کی مہارت میں شامل ہے۔ آغاز میں فیس بک ایڈورٹائزنگ ان میں سے بہت سے مقاصد کےحصول کے لئے ایک بہت ہی بہترین آپشن ہے جو کہ آپ تھوڑا سا سٹڈی کر کے سیکھ سکتی ھیں۔ فیس بک پر ہی اس کا بہت سا ہیلپنگ میٹیریل موجود ہے۔

Accounting Skills
شروع شروع میں آپ شائد اس کو ضروری نہ سمجھیں لیکن جوں جوں آپکا بزنس آگے جائے گا آپکو اندازہ ہو گا کہ یہ سب سے اہم ہے۔ آپ نے کتنے سرمائے سے آغاز کرنا ہے، پروڈکٹ کی قیمت کا تعین کیسے کرنا ہے، مارکیٹنگ پہ کتنا خرچ کرنا ہے ، پرافٹ کتنا ہونا چا ہیے وغیرہ جیسے تمام فیصلے اکاؤنٹنگ کی مہارت سے آسان ہو جاتے ہیں۔اگر آپ اپنے بزنس کو ترقی کے راستے پہ لے جانا چاہتی ہیں تو آپکو یہ پتا ہونا چاہیے کہ پراڈکٹ کی لاگت اور قیمت میں کتنا فرق ہو کہ آپکے بزنس کے اخراجات بھی پورے ہوں اور منافع بھی ہو۔ ان کے علاوہ ریٹیل بزنس میں سٹاک مینیجمنٹ بھی ایک ٹیکنیکل کام ہے جو اکاؤ نٹنگ سکل سے آسان ہو جاتا ہے۔

Determination and Self-Motivation Skills
گھر سے بزنس کرنے کے لیے اور کامیاب ہونے کے لئے یہ دونوں مہارتیں برابر اہمیت کی حامل ہیں۔ خود کے بزنس میں آپ خود ہی اپنی باس ہیں۔آپ نے خود ہی ٹائم مینیج کرنا ہے اور خود ہی بجٹ بنانا اور فالو کرنا ہے۔ شروع میں ہمیشہ مسائل ہوتے ہیں چاہے آن لائن کام کریں یا کوئی اور۔ اگرمستقل مزاجی میں کمی ہو تو لوگ شروع میں ہی گھبرا جاتے ہیں. لیکن اگرکوشش کریں اور شروع کے ایک دو سال ہمت سے گزار لیں تو آگے آپکی مشکلات دن بہ دن کم ہوتی جائیں گی۔

اگر آپ کے پاس بزنس آئڈیا ہے اور آپ آن لائن بزنس شروع کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہیں تو جلد بازی نہ کریں۔ آج ہی سے سوشل میڈیا اور دوسری چیزوں پر وقت دینا شروع کریں۔ فیس بک پر تجرباتی طور پر کوئی پیج چلانے کی کوشش کریں یا اگر آپ کے پاس بنیادی نالج ہے تو کسی ملتے جلتے بزنس پیج پر اسسٹنس آفر کریں۔ فیس بک استعمال کرنے اور بزنس پیج چلانے میں بہت فرق ھے۔ یہی معاملہ اوپر بیان کی گئی باقی سکللز کا ہے۔ پریکٹیکل ہو کر اپنے بزنس پلان اور اپنی سکلز کا موازنہ کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کا مددگار ہو۔ آمین

By: شازیہ آصف

Click Here to visit Help Page How To Start A Business Online

Add Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WhatsApp chat